خیبرپختونخوا میں 700 ارب کی کرپشن، گورنر کا بڑا انکشاف

اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں 500 سے 700 ارب روپے کی کرپشن ہوچکی ہے، جبکہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اور افواج پاکستان متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن افواج پاکستان کا سامنا نہیں کر سکتا، اسی لیے بزدلانہ حملوں کا سہارا لیتا ہے۔ انہوں نے خضدار میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا، لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ کرم کا راستہ تاحال بند ہے اور صوبے میں دہشتگرد عناصر امن کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کا بازار گرم ہے، اور پی ٹی آئی کے دور میں کھیلوں کے میدان ویران ہوگئے۔
گورنر نے زور دیا کہ اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، سیاست بعد میں کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اتحاد آتے جاتے رہتے ہیں، مگر ہمیں مشترکہ دشمن کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے خواہاں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں نیٹو فورسز کے چھوڑے گئے اربوں ڈالر کا اسلحہ آج دہشتگرد استعمال کر رہے ہیں، جو خطے کے لیے سنگین خطرہ ہے۔