معروف اداکار، مصنف اور ہدایت کار یاسر حسین نے دوسرے نکاح سے متعلق متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں چار شادیوں کے حق میں نہیں، مگر مرد کی دوسری شادی میں قصور عورتوں کا زیادہ ہے۔
یاسر حسین ایک بار پھر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں آ گئے ہیں، حال ہی میں وہ ایک شو میں مہمان کے طور پر شریک ہوئے جہاں انہوں نے چار شادیوں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
یاسر حسین نے کہا کہ میں ذاتی طور پر چار شادیوں کے حق میں نہیں، میں نے جس سے محبت کی اسی سے شادی کی، اب کسی اور عورت کو دیکھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اداکار نے اپنے بیان میں ایک منفرد اور متنازع زاویہ پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی مرد کی دوسری شادی ہو تو اس میں عورتوں کا کردار زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عورت چاہتی ہے کہ وہ ایسے مرد سے شادی کرے جو مالی طور پر مستحکم ہو، بچوں کا خیال رکھ سکے اور زندگی کی سہولتیں دے سکے، جب وہ ایسا مرد دیکھتی ہے، تو وہ خوشی خوشی دوسری بیوی بننے کو تیار ہو جاتی ہے۔
یاسر نے مزید کہا کہ میں کئی ایسی خواتین کو ذاتی طور پر جانتا ہوں جو یہ جانتے ہوئے بھی کہ مرد شادی شدہ ہے، اس سے شادی پر آمادہ ہو گئیں بعض اوقات تو ایسی عورتیں پہلی بیوی کو طلاق دلوانے کی بھی کوشش کرتی ہیں۔
یاسر حسین کے ان بیانات پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے، کچھ لوگ ان کی رائے کو حقیقت کے قریب سمجھتے ہیں جبکہ اکثر صارفین نے ان کے خواتین سے متعلق انکے اس بیان پر ناراضی کا اظہار کیا۔
کئی صارفین نے کہا کہ مرد اگر بے وفائی کرتا ہے تو اس کا ذمہ دار صرف عورت کو ٹھہرانا انصاف نہیں، کسی بھی تعلق میں دونوں فریقوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔