خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی ہزاروں آسامیاں خالی

خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی ہزاروں آسامیاں خالی ہیں، جنرل اور کامرس کالجوں میں اساتذہ کی کمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق صوبے کے 200 سے زائد جنرل کالجوں میں 2 ہزار 722 آسامیاں خالی ہیں، صوبے کے کامرس کالجوں میں 3 ہزار 86 آسامیوں پر بھرتیوں کی ضرورت ہے، جنرل کالجوں میں گریڈ 17 کے لیکچرار کی 1 ہزار 608 آسامیاں خالی ہیں۔

جنرل کالجز میں اسسٹنٹ، ایسوسی ایٹ پروفیسر، پروفیسر اور پرنسپلز کی درجنوں آسامیاں خالی ہیں، کامرس کالجوں میں بھی گریڈ 21 تک آسامیاں خالی ہونے سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، یہ آسامیاں گزشتہ کئی برسوں سے خالی پڑی ہیں۔

محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، مالی مشکلات کے باعث ان آسامیوں کو بروقت پر کرنے میں مشکلات تھیں۔