خیبرپختونخوا کا بجٹ 13 جون کو پیش ہوگا: آئندہ مالی سال کا بجٹ 2070 ارب روپے کا ہونے کا امکان

خیبرپختونخوا حکومت کا مالی سال 26-2025 کے بجٹ کا ڈرافٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جو 13 جون کو پیش کیا جائے گا۔ بجٹ تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ 2070 ارب روپے کا ہونے کا امکان ہے۔

بجٹ کی اہم تفصیلات کے مطابق جاری اخراجات کے لیے 1352 ارب روپے مختص کیے جانے اورتنخواہوں کے لیے 680 ارب روپے ، پنشن کے لیے 200 ارب روپے رکھے جائیں گے جبکہ تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

بجٹ میں نان سیلری اخراجات کے لیے 520 ارب روپے مختص کیے جائیں گے اس کے علاوہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کو 1148 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بجٹ میں نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 108 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے جبکہ آئل اینڈ گیس کی مد میں 55 ارب روپے حاصل ہوں گے اور وار آن ٹیرر کے تحت صوبے کو 138 ارب روپے (1 فیصد کے تناسب سے) ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال کے مقابلے میں بجٹ میں 416 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے، جبکہ بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ بجٹ کی حتمی منظوری کابینہ اجلاس کے بعد دی جائے گی۔