جیل قیدیوں کو ایک ہی گانا ”بے بی شارک “ بار بار سنانے پر اہلکاروں کیخلاف مقدمہ

اوکلاہوما: امریکی شہر اوکلاہوما کاؤنٹی میں جیل کے دو سابق اہلکاروں کے خلاف تشدد اور بے رحمی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے کیونکہ ان دونوں نے قیدیوں کو ’’سبق سکھانے‘‘ کےلیے مسلسل کئی گھنٹے تک ایک ہی گانا بار بار سنوایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پچھلے سال نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں اوکلاہوما کاؤنٹی جیل کے دو اہلکاروں اور ان کے سپروائزر کے خلاف قیدیوں کی شکایات موصول ہوئیں جن میں کہا گیا کہ وہ انہیں ہتھکڑیاں لگا کر ایک عقوبت خانے میں بند کردیتے ہیں جس کے بعد بچوں کا مشہور گانا ’’بے بی شارک‘‘ انہیں کھڑا کرکے کئی گھنٹوں تک بار بار، زبردستی سنایا جاتا ہے۔

تفتیش کے دوران یہ الزام درست ثابت ہوا۔ اس دوران سپروائزر ریٹائر ہوگیا جبکہ باقی دو اہلکاروں سے استعفی لے لیا گیا۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہوجانے کے بعد ان شکایات کو باقاعدہ مقدمے کی شکل دے کر عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

اس بارے میں جیل اہلکاروں کا کہنا تھا کہ قیدی وہاں پر نظم و ضبط کی بالکل بھی پابندی نہیں کررہے تھے لیکن وہ ان پر جسمانی تشدد بھی نہیں کرنا چاہ رہے تھے۔ اس لیے انہوں نے زبردستی ایک ہی گانا بار بار سنا کر انہیں ’’سبق سکھانے‘‘ کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ تشدد میں شمار نہیں ہوتا۔

قیدیوں کا مؤقف تھا کہ ہتھکڑیاں لگا کر ایک ہی گانا کئی گھنٹوں تک بار بار سننے پر مجبور کرنا تشدد اور اذیت رسانی کے تحت آتا ہے لہذا ان اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس شکایت کو جائز تسلیم کرتے ہوئے اوکلاہوما کاؤنٹی انتظامیہ نے ان تینوں اہلکاروں پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ’’بے بی شارک‘‘ بچوں کا ایک مشہور گانا ہے جو دو سال پہلے ریلیز کیا گیا تھا۔ یوٹیوب پر اب تک اسے 6 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔