پشاور: خیبر پختونخوا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 4مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 267افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 267افراد کے متاثر ہونے سے صوبہ بھر میں کل متاثرین کی تعداد41ہزار990ہوگئی ہے جن میں سے 1ہزار309مریض جاں بحق ہوئے ہیں چوبیس گھنٹوں کے دوران وائرس سے متاثرہ 130مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس سے کل صحت یاب مریضوں کی تعداد38ہزار824تک پہنچ گئی‘۔
صوبہ بھر میں اس وقت متاثرین کی تعداد1ہزار857ہے۔ سب سے زیادہ مریض ضلع پشاور‘مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں ہیں۔جبکہ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق وائرس کی شرح بھی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے 17 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 109 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 461 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں ایک لاکھ 9 ہزار 309، سندھ میں ایک لاکھ 53 ہزار 873، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 723، بلوچستان میں 16 ہزار 328، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 434، اسلام آباد میں 23 ہزار 533 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 261 کیسز رپورٹ ہوئے۔