نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کی برتری

 چارسدہ:عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں جاری نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا، آرمی اور پنجاب کے کھلاڑیوں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

 ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن اور خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے جاری نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے انڈر15 بوائز سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا کے فہد احمد نے آرمی کے رضا کو اکیس چودہ، اٹھارہ اکیس، اکیس انیس سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

 پنجاب کے زین باجوہ نے خیبرپختونخوا کے سنگین کو اکیس اٹھارہ، اکیس گیارہ سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ 

انڈر17 کیٹگری کے پہلے سیمی فائنل میں پنجاب کے سعد عامر نے خیبرپختونخوا کے اسد گل کو اکیس دس، اکیس نو سے شکست دی جبکہ آرمی کے عبدالمنان نے اسلام آباد کے ابراہیم راشد کو اکیس دس، اکیس انیس سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

 اسی طرح انڈر17 گرلز کیٹگری میں پہلے سیمی فائنل میں آرمی کی سمیعہ طارق نے پنجاب کی عائشہ شفیق کو اکیس آٹھ، اکیس دو سے شکست دی جبکہ سندھ کی عمارہ اشتیاق نے سندھ ہی کی ثناء حنیف کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ 

انڈر19 بوائز کیٹگری میں خیبرپختونخوا کے عمر جہانگیر نے پنجاب کے رضا علی کو بائیس بیس اور اکیس چودہ سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں خیبرپختونخوا کے ملک دانیال نے پنجاب کے حسن مجتبا کو اکیس سترہ،بائیس بیس اور اکیس پندرہ سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

 انڈر19 گرلز کیٹگری میں بلوچستان کی عالیہ طارق نے آرمی کی امامہ عثمان کو اکیس بارہ، اکیس تیرہ سے شکست دی جبکہ پنجاب کی حدیقہ آفتاب نے خیبرپختونخوا کی ثمن شہزاد ی کو اکیس اٹھارہ، اکیس تیرہ سے شکست دیکرفائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انڈر19 ویمنز ڈبلز میں پاکستان آرمی کی امامہ عثمان اور اسلام آباد کی دینا شہزادی نے سندھ کی ثناء حنیف اور ان کی ساتھی کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ 

اس سے قبل انڈر15 بوائز کوارٹر فائنل مقابلوں میں کے پی کے محمد زاہد میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے‘دوسرے میچ میں کے پی کے فہد احمد نے پنجاب کے طاہر کے خلاف اکیس سات  اور اکیس دس سے کامیابی حاصل کی۔

 کے پی کے شنگین نے کے پی کے ہی امان گل کے خلاف اکیس تیرہ‘سترہ اکیس اور اکیس سترہ جبکہ پنجاب کے زین باجوہ نے اسلام آباد کے امیر جنجوجہ کے خلاف انیس اکیس‘اکیس سولہ اور اکیس تیرہ سے کامیابی اپنے نام کی۔