چارسدہ:نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ خیبرپختونخوا کے عمر جہانگیر نے جیت لی۔
انڈر19 گرلز فائنل میں بلوچستان کی الجا طارق نے پنجاب کی حدیقہ آفتاب کو شکست دیکر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
انڈر15 میں پنجاب کے زین باجوہ، انڈر17 میں آرمی کے رائے عبدالمنان نے ٹائٹل اپنے نام کئے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس عابد مجید ممبر صوبائی اسمبلی وچیئر مین صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن نثارمہمند، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے انعامات تقسیم کئے۔
ان کے ہمراہ سیکرٹری پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن واجد علی چوہدری، خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر ظفر علی خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین اللہ، ایڈمنسٹریٹرشاہ فیصل، اے ڈی سپورٹس نعمت اللہ صوبائی سیکرٹری امجد خان، انٹر نیشنل کوچز ندیم احمد، حیات اللہ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن اور خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں منعقدہ نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئی جس میں خیبرپختونخو کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔
انڈر19 سنگل میں خیبرپختونخوا کے عمر جہانگیر نے کے پی ہی کے ملک دانیال کوتئیس اکیس، انیس اکیس اور اکیس تیرہ سے شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انڈر19 گرلز فائنل میں بلوچستان کی الجا طارق نے پنجاب کی حدیقہ آفتاب کواکیس سات، اکیس چار سے ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
گرلز انڈر17 فائنل میں پاکستان آرمی کی سمیعہ طارق نے سندھ کی عمارہ اشتیاق کو اکیس انیس، سولہ اکیس اور اکیس دس سے شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
انڈر17 بوائز کیٹگری کے فائنل میں آرمی کے عبدالمنان نے پنجاب کے عامر کو بائیس چوبیس، اکیس گیارہ اور اکیس سولہ سے شکست دی۔
بوائز انڈر15 فائنل میں پنجاب کے زین باجوہ نے خیبر پختونخوا کے فہد خان کو اکیس انیس اکیس سترہ سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ویمنز ڈبل اندر19 فائنل میں پاکستان آرمی کی سمیعہ طارق اور بلوچستان کی الجا طارق نے آرمی کی عمامہ عثمان اور دینا شہزادی کو اکیس پندرہ اور اکیس دس سے شکست دیکر گولڈ میڈل حاصل کیاجبکہ بوائز انڈر19 ڈبل میں خیبرپختونخوا کے افنان خان اور حمزہ خان نے کے پی ہی کے عمر جہانگیر اور محمد زیاد کوہراکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
آخر میں مہمان خصوصی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔