بھارت کو شکست، 2021ء کا پہلا عالمی ریکارڈ پاکستان کے نام

پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ راشد نسیم نے 2021 کا پہلا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

کووڈ 19 کے با وجود پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ محمدراشد نسیم کے ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

راشد نسیم نے گنیز ورلڈ ریکارڈ مقابلوں میں ایک مرتبہ پھر بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر 2021 کا پہلا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور اس طرح انفرادی طور پر ان کے ریکارڈ کی تعداد 64 ہو گئی جب کہ ان کی اکیڈمی اب تک 78 ریکارڈز پاکستان کے نام کر چکی ہے۔

راشد نسیم نے اس مرتبہ 3 منٹ میں 10 کلو وزن کے ساتھ 159 مارشل آرٹس ککس مار کر عالمی ریکارڈ چکنا چور کر دیا۔

انہوں نے بھارتی کھلاڑی نارائن کو شکست دی جنہوں نے پہلے 138 ککس ٹارگٹ پر ہٹ کر کے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

گینز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کےمطابق سال 2021 میں پہلا اورانفرادی طور پرراشد نسیم کا 64 واں ریکارڈ منظور کر لیا گیا ہے۔

راشد نسیم نے کمال مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے واضح مارجن سے یہ ریکارڈ پاکستان کے نام کر لیا۔

 راشد نسیم کو حال ہی میں بروس لی آف پاکستان کے لقب سے نوازنے والے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ادارے پہلے راشد نسیم سے خصوصی طور پر رابطہ کیا تھا ۔

اس ضمن میں راشد نسیم کا کہنا ہےکہ پاکستا ن کے لیے جلد از جلد 100ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں۔