اپنے ہی گراتے ہیں نشیمن پہ بجلیاں 

گلگت بلتستان میں کشیدگی پیدا کرنے کی بھارتی شرانگیزیوں کے شواہد سامنے آگئے۔ گلگت بلتستان کے نوجوان نے بھارت کی ایماء پر پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کرلیا۔مہدی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ مافیاز نے ان کے والد کو گمراہ کر کے پاکستان مخالف بیانات پر مجبور کیا۔انہوں نے بتایا کہ بھارت نے بھاری معاوضے پرسکاٹ لینڈ میں مقیم ڈاکٹر امجد ایوب مرزا، برطانیہ میں مقیم سجاد راجہ اور شوکت کشمیری کو بھی گلگت بلتستان کے لوگوں کو پاکستان کے خلاف اکسانے کی کوشش کی۔ پاکستان کے خلاف اٹلی میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج کا لالچ دیاگیا۔ پاکستان مخالف مظاہروں کیلئے بھرپور مالی معاونت کا یقین دلایا گیا بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرنے والے شوکت کشمیری، سنگِ سیرنگ حسن اور وجاہت حسن خان سے بھی رابطہ ہوا۔مہدی شاہ نے گلگت بلتستان میں محبوب آفاق بلاور، شبیر معیار، غیاث الدین اور یورپ میں امجدایوب،شوکت کشمیری، سجاد راجہ، مشتاق کامریڈ، علی شان اور حبیب اللہ جیسے کرداروں کی پاکستان مخالف ایجنڈے کو فروغ دینے میں معاونت کا انکشاف کیا ہے۔ بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن اور نیشنل فرنٹ سے منسلک ہونے کے دوران ہمیں پاکستان کے خلاف اُکسایا گیا۔مہدی شاہ نے کہا کہ میری اٹلی سے جاری شدہ ویڈیوز میں تمام سکرپٹ لکھ کر دیا گیا اور پھر اسے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔مجھ سے وعدہ بھی کیا گیا کہ میری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی کروائی جائے گی۔22اکتوبر 2020ء کوشگر، کھر منگ، خپلو اور سکردو سے بسوں میں لوگوں کو لانے کا کہا گیا تھا۔مہدی شاہ نے کہا کہ سٹوڈنٹ تنظیم بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن میں سٹوڈنٹس کی ذہن سازی کی جاتی ہے۔اپنے نشیمن پہ اپنے لوگ ہی بجلیاں گراتے ہیں گزشتہ ایک عشرے سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی 80فیصد اپنے لوگ ہی ملوث پائے گئے ہیں۔دولت کالالچ انسان کو کیاکچھ کرنے پر مجبور نہیں کرتا۔ پاکستان کی یہ مٹی ہماری ماں ہے مادر وطن کو اجاڑنے کے لئے دشمن کا آلہ کار بننے والوں کو شاید یہ معلوم نہیں کہ وطن سے محبت سنت نبویؐ ہے۔ دشمن کا آلہ کار بننے والوں کو شاید یہ بھی معلوم نہیں کہ مملکت خداداد پاکستان کے قیام میں اللہ تعالیٰ اور ان کے حبیب کی منشا شامل تھی معروف تاریخ دان ڈاکٹر مبارک علی بابائے قوم محمد علی جناح کی نماز جنازہ پڑھانے والے نامور عالم دین علامہ شبیر احمد عثمانی کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ قائد اعظم جب لندن چلے گئے اس دوران قائد اعظم کو خواب میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت نصیب ہوئی۔ سرکار دوعالمؐ نے محمد علی جناح کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ اپنی پہلی فرصت میں ہندوستان چلے جاؤ، وہاں مسلمانوں کو تمہاری ضرورت ہے۔ خواب سے بیدار ہوتے ہی قائد اعظم تیار ہوکر گھر سے نکلے اور اسی روزہندوستان واپس پہنچ گئے اور ان کی قیادت میں مسلمانان برصغیر نے آزادی کی تحریک شروع کی جس کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا۔ جو لوگ ذاتی مفادات کے لئے اپنے ملک کے خلاف سازشوں کا حصہ بن رہے ہیں وہ بائیس کروڑ قوم کے مجرم ہیں انہیں عبرت ناک سزا دینے کے ساتھ عالمی برادری کے سامنے بھی ان معاملات کو موثر طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔