لاہور:جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 144 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم دوسرے میچ میں بھی صرف 5رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ پہلے میچ کے سنچری میکر محمد رضوان نے دوسرے میچ میں بھی 51رنز کی اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 145رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 144 رنز بنائے۔
محمد رضوان 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم پانچ رنز اور حیدرعلی 10 رن پر آؤٹ ہوئے جبکہ حسین طلعت 3 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
آج کے میچ میں قومی ٹیم میں بابراعظم، محمدرضوان، حیدرعلی، حسین طلعت، افتخاراحمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ہوم ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو تین رنز سے شکست دیدی تھی۔