سینیٹ انتخاب: پی ٹی آئی ارکان کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

 

 پشاور : سینیٹ انتخاب کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اراکین اسمبلی کی نگرانی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نوشہرہ ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ا±میدوارکی شکست اورصوبائی وزیرآب پاشی لیاقت خٹک کوصوبائی کابینہ سے فارغ کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں پیدا ہونے والی صورتحال کوکنٹرول کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے اپنے اراکین اسمبلی کی ''حفاظت'' اور ''نگرانی'' کا خصوصی انتظام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے تحت صوبائی وزراءکو ڈیوٹیاں دی جائیں گی کہ وہ ایم پی ایز کے گروپوں کی نگرانی کریں۔ اس فیصلے کی وجہ نوشہرہ ضمنی الیکشن اورصوبائی وزیرآبپاشی لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کیے جانے کے بعد حکمران جماعت کی صفوں میں پایا جانے والا انتشار اور بے چینی ہے۔

جس کے پیش نظر سینیٹ انتخاب کے لیے حکمران جماعت پی ٹی آئی اوراس کے اتحادی ایم پی ایز کی خصوصی نگرانی کروانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اگران سے کوئی رابطہ ہونے کی صورت میں فوری طورپرصورتحال کو کنٹرول کر لیا جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اراکین اسمبلی کے گروپ بناکر ان کی نگرانی کا کام صوبائی وزراءکے حوالے کیا جارہا ہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی ایز کی نگرانی باپ کے صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلاول آفریدی خود کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی خیبرپختونخواہ محمود خان خود تمام تر صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں جب کہ پارٹی قائدین بھی مدد کر رہے ہیں۔ 

وزیراعلٰی محمود خان جلد ہی پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کے علاوہ اراکین اسمبلی سے ڈویژن وائزاورانفرادی ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ ناراض اراکین اسمبلی کے گلے شکوے دورکیے جا سکیں۔ 

واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکمران جماعت کا ہدف 10 نشستوں پرکامیابی ہے۔