عدالت نے نیب کو مریم نواز کی گرفتاری سے روک دیا

 لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو 12 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نیب نے 26 مارچ کو طلب کررکھا ہے، تاہم گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور اپنی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی۔

مریم نواز کی درخواست پر سماعت جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں بینچ نے کی، مریم نواز نے درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ نیب لاہور نے 15 سو کنال اراضی سے متعلق انکوائری شروع کر رکھی ہے، اور دو انکوائریز میں 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔ درخواست میں مریم نواز نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری میں شامل تفتیش ہونا چاہتی ہوں تاہم نیب حکومت کے اشارے پر سیاسی مخالفین کو ٹارگٹ کر رہا ہے، حکومت کے دباؤ پر درخواست گزار کو 26 مارچ کو گرفتار کر سکتا ہے، لاہور ہائیکورٹ درخواست گزار کی عبوری ضمانت منظور کرے۔

مریم نواز کی درخواست پر عدالت نے نیب کو 12 اپریل تک مریم نواز کو گرفتار کرنے سے روک دیا، جب کہ ہائیکورٹ نے مریم نواز کو دو کیسز میں دس دس لاکھ کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔