اور آخر کار وہی ہوا۔۔۔

 پیپلز پارٹی کا سخت ردعمل،پی ڈی ایم تہس نہس ہوگئی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کو مسترد کرتے ہوئے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شوکاز دینے کی کوئی مثال پاکستان کی تحریکوں میں  نہیں ملتی،  جب پی ڈی ایم کے ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا تھا تو کسی کو شوکاز نوٹس نہیں دیا گیا، پنجاب میں سینیٹ کی5 نشستیں پی ٹی آئی کو دی گئیں تو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا، (ن) لیگ نے گلگت بلتستان میں اقلیت میں ہوتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا حق چھیننے کی کوشش کی،ہم اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے شوکاز نوٹس جاری کرنے پر پی ڈی ایم سے مطالبہ کیا کہ وہ پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے بلا مشروط معافی مانگے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عزت اور برابری کے ساتھ سیاست کرنا جانتے ہیں اور کرتے رہیں گے، ہمارے دروازے ہر اس جماعت کیلئے کھلے ہیں جو حکومت کے خلاف ہے۔ ہم اے این پی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

 بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے نہ بیٹھنے دیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کےدرمیان ورکنگ ریلیشن شپ ہون تاکہ پارلیمان کے اندر اور باہر مل کر حکومت کی مخالفت کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا آج بھی یہی موقف ہے، کل بھی یہی موقف تھا ، استعفے ایٹم بم ہیں، آخری ہتھیار ہونا چاہیے، جس کو استعفا دینا ہے دے دیں لیکن کسی پارٹی کو ڈکٹیٹ نہ کریں۔