سابق سینئر صوبائی وزیر رحیم داد کورونا سے جاں بحق

مردان: پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن اور سابق صوبائی سینئر وزیر رحیم داد خان کورونا سے جاں بحق ہوگئے۔

ان کی نماز جنازہ کل بروز اتوار دوپہر دو بجے ان کے آبائی علاقہ ہاتھیان میں ادا کی جائے گی وہ پشاورکے نارتھ ویسٹ ہسپتال اور آر ایم آئی میں زیرعلاج رہے بعدازاں انہیں اسلام آباد کے پاک چائنہ کورونا ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ہفتے کو عشاء کے وقت ان کا انتقال ہوگیا۔

 رحیم داد خان 88ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر بنے۔

 چار سال تک پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر رہے اور 2008 ء کے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے کے بعد اے این پی اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ حکومت میں صوبائی سینئر وزیر بنادئیے گئے۔

 رحیم داد خان کا شمار شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان کے بعد پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا وہ زندگی کی آخری سانس تک پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستہ رہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سابق صوبائی وزیر رحیم داد خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ 

اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔