صوبے میں مزید ڈیڑھ سو سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید  ڈیڑھ سو سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2795 ہوگئی ہے، جبکہ صرف پشاور میں ہی یہ تعداد آٹھ سو سے زائد ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2795 ہوگئی ہے،جبکہ صرف پشاور میں ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 98 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد آٹھ سو سے زائد ہوگئی ہے۔

ادھر ڈینگی نے پشاور کے نواحی علاقے حاجی بانڈہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں ایک ہی محلے میں 50 سے زائد ڈینگی کے کیسز سامنے آگئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لوہر دیر 14 اور شانگلہ میں 12 افراد، ہری پور میں 39 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،جبکہ پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی سے 210 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔