کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی مہم شروع کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے یکم دسمبر سے ملک بھر میں کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بوسٹر ڈوز کی مہم مرحلہ وار چلائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں ہیلتھ کیئر ورکرز، 50 سال کی عمر سے زائد والے افراد اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز دی جائے گی۔

 مزید بتایا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز لگوانے کے اہل افراد کو اپنی مرضی کی ویکسین کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ بوسٹر ڈوز لگوانے کیلئے سختی نہیں کی جائے گی، پہلے مرحلے میں ویکسین کی بوسٹر ڈوز کو لگوانا لازمی قرار نہیں دیا جائے گا۔