نئی حج پالیسی کا مسودہ  منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کوارسال

اسلام آباد:وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی کا مسودہ  منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا ہے۔

وفاقی کابینہ سے حج پالیسی کی منظوری کے بعد نئے حج پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حج اخراجات کی تفصیلات وزارت مذہبی امور کو بھجوا دی گئی ہیں۔

 عالمی سطح پر مہنگائی ، شرح مبادلہ میں اضافہ، سعودی عرب میں ماضی کے مقابلے میں نئے ٹیکسوں کا نفاذ ، حج اخراجات میں اضافے کا باعث بنے گا۔ پہلے جہاں لازمی حج اخراجات  2 ہزار ریال ہوتے تھے اب یہ بڑھ کر 6 ہزار ریال تک پہنچ جائیں گے۔ 

ریال کی قیمت پہلے 38 روپے تھی اب یہ بڑھ کر 52 روپے ہو گئی ہے۔اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 8 لاکھ روپے سے تجاوز کر جائے گا تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

نئی حج پالیسی کامسودہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی حج پالیسی کا اعلان کیاجائے گا۔