نواز، زرداری اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں، عمران خان

فیصل آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی،نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں۔

حکومت صرف اپنے کرپشن کیسز بند کرنے کے لیے آئی ہے، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، اگلے اتوارکو ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل کروں گا۔ 

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2018میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بیروزگاری تھی،پاکستان میں صنعتی زون نقصان میں جا رہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریاں بند ہورہی تھیں۔

 تحریک انصاف نے 50سال کے بعد 10ڈیم بنائے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت نے 4 ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے،ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، سیلاب متاثرین کیلئے جلد دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا۔

 پھر سے ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بچا ؤکے لئے ہمیں مستقبل میں ڈیمز بنانے ہوں گے، اگلے اتوار ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کروں گا۔

دریں اثناء اعجاز الحق کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہاکہ ہم عدلیہ اوراداروں کا احترام کرتے ہیں، عدلیہ جب بھی  بلائے گی ضرور پیش ہونگے،موجودہ حکومت عوام کی پرواہ کیے بغیر پٹرولیم قیمتیں بڑھاتی جارہی ہے جو عوام کی قوت برداشت سے باہر ہورہی ہیں،بہت جلد عوام باہر نکل کراس حکومت کواٹھا کرباہر پھینک دیں گے۔