حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نےعمران خان کےفوج متعلق متنازع بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہتان تراشی کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا، عوام کو فوج سے لڑانا اور رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموارکرنا ہے لیکن ہم آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پوری قوم سیلاب سے لڑ رہی ہے، نفرت، انتقام اور تکبر میں ڈوبا عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑرہا ہے۔
پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر ، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مسلح افواج ملک میں سیلاب متاثرین کی مددکی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جرات وبہادری اور دلیری سے جنگ لڑرہی ہیں۔
اس جنگ میں فوج کے افسر اور جوان جام شہادت نوش کررہے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی سے نجات ، معاشی استحکام ، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے ایجنڈے پر متحد اور ایک آواز ہے۔ایک تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے جھوٹ،پراپیگنڈے اور بہتان تراشی کے ذریعے مسلسل نفرت پھیلا رہی ہے۔
معیشت کی بحالی سمیت قومی مفادات کے تحفظ کا عمل متاثرنہیں ہونے دینگے۔ مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام اور حدود کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔عوام بالخصوص سیلاب زدگان کی امداد، بحالی اور ریلیف کے عمل کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔