اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جواب جمع کرانےکے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سماعت پر ہم نے 4 ہفتے کی مہلت مانگی تھی، پی ٹی آئی غیرملکی چیپٹرز سے معلومات مانگی ہے اسے موصول ہونے میں وقت لگےگا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دو ہفتے تو گزر گئے ہیں، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے ہی اس کیس کی سماعت 8 سال چلی تھی۔
وکیل پی ٹی آئی شاہ خاور کا کہنا تھا کہ معلومات بہت اہم ہیں، جو پاکستانی ڈونرز ہیں ان کے نائیکاپ اور دیگر دستاویزات منگوائی ہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے شاہ خاور کی 2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ آخری مرتبہ وقت لیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔