سیلاب تباہی، پاکستان کو عالمی برادری کی امداد کی ضرورت ہے، وزیراعظم

لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کے لیے نظام مواصلات، بجلی کی ترسیل اور دیگر امدادی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اشیائے ضروریہ اور اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں سیلاب کی صورتحال اور سیلاب زدگان کے لئے امداددی کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد خصوصی اقدامات کرنے اورصوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

دریں اثناء وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، پاکستان کواس چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کی امدادکی ضرورت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیانمیں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی سے دلی طور پر رنجیدہ ہیں، انتونیو گوتریس سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد کا دنیا کی صف اول کی فرم سے آڈٹ کروایا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ امداد کا نہ صرف اے جی پی آر بلکہ دنیا کی صف اول آڈٹ فرم سے آڈٹ کروایا جائے گا،سیلاب زدگان کی امداد کی تقسیم و ترسیل میں شفافیت کیلئے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم کردیا گیا،وزیر اعظم کی ہدایت پر جدید ڈیش بورڈ بن گیا۔

 وفاقی وزیر احسن اقبال  کل افتتاح کریں گے،ڈیش بورڈ پر عوام کو امدادی سامان کی وصولی، تقسیم اور ترسیل کی معلومات ہوں گی، عوام سیلاب متاثرین کیلئے عالمی، وفاقی، صوبائی سطح پر آئی رقوم اور سامان سے متعلق جان سکیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کو ٹیلی فون کیا اور سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر دینے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ کی فراخ دلانہ مدد اہل پاکستان ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے دردمندی کا ثبوت دیا ہے، آپ کی مدد سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی میں بڑی مدد ملے گی۔ 

شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان سے یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔