وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان بیمار، شکست خوردہ ذہنیت کے مالک،جھوٹا ، انا پرست اور خود غرض بہروپیا ہے، جو دھونس دھمکی گالی سے این آر او مانگ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو سیلاب میں ڈوبا ملک اور لوگ نظر نہیں آ رہے، اقتدار کی ہوس کی پٹی آنکھوں پر بندھی ہے، عمران خان کا حقیقی مسئلہ ذاتی انا، تکبر، خود پسندی، اقتدار کی ہوس اور کرپشن ہے،
اپنے بیان میں انہوں نے چئیرمین پی ٹی ئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب جتنی اوقات ہے اتنی بات کریں،”کی جائے” اور ”کیا جائے”کا وقت ختم، عمران صاحب پہلے فیصلہ کریں آپ کا مسئلہ ہے کیا؟ بیرونی سازش؟ حقیقی آزادی؟ الیکشن کمشنر؟ کرپشن کا این آر او؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حقیقی آزادی نہیں بلکہ اپنی حقیقی کرپشن سے این آر او چاہتے ہیں، بیرونِ ملک سازش نہیں بلکہ اپنی فارن فنڈنگ کی حقیقی سازش سے این آر او چاہتے ہیں،
عمران خان کا مقصد کوئی الیکشن نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کرانا ہیں، عمران خان دھونس دھمکی گالی سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فرح گوگی اور بشری بی بی کے لئے این آر او مانگ رہے ہیں، عمران خان بیمار، شکست خوردہ ذہنیت کے مالک اور کرپٹ انسان ہے،
عمران خان جھوٹا ، انا پرست اور خود غرض بہروپیا ہے، عمران خان فارن فنڈنگ میں این آر او مانگ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے آخر کیا گناہ کیا ہے؟ 8 سال سے زیرالتوا فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ ہی تو سنایا ہے، عمران صاحب آپ نے الیکشن کمشنر سے کس چیز کی گارنٹی لی تھی؟ عمران خان فارن فنڈنگ میں الیکشن کمشنر سے این آر او مانگ رہے تھے، عمران صاحب الیکشن کمشنر پر آپ کا غصہ ہے کیوں؟
عمران صاحب آپ کو الیکشن کمشنر کی کیا، کس نے اور کیوں گارنٹی دی تھی؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکا کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور امریکی فرم سے امریکا میں لابنگ اور برانڈنگ کرواتے ہیں، چھپ چھپ کے ملاقاتیں کرتے ہیں۔