اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسجد نبوی واقعے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درج تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسجد نبوی واقعے کے تناظر میں مقدمات کیخلاف شیخ رشید ، فواد چوہدری و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں کی سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے وکیل کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو آزادی مارچ پر بھی پورے ملک میں مقدمات درج کیے گئے، ہمیں ان سب مقدمات کا بھی ریکارڈ چاہیے۔
وکیل شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل کےگھر پر کئی بار چھاپے مارے گئے ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت صرف اسلام آباد کی حد تک حکم دے سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے پولیس کو ہدایت کی کہ غیر ضروری ہراساں نہ کریں، وہ کام نہ کریں جو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں، بلاوجہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرنا اچھی بات نہیں ہے۔
عدالت نے درخواست گزاروں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئےکہا کہ سیکرٹری داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیتے ہیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔