پی ٹی آئی ایم این ایزکے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج

پاکستان تحریک انصاف  نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی ایم این ایز کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے اور قومی اسمبلی کے اسپیکرراجا پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کے لئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفی دے چکے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر پی ٹی آئی کے 125 ارکان کے استعفے منظورکرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسپیکر راجا پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔