لاہور: محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ کراچی تک مسافر ٹرین آپریشن کی بحالی میں مزید چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترجمان ریلوے نے بتایا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے آج سیلاب سے متاثرہ ریلوے تنصیبات کا دورہ کیا جہاں میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ سیلاب نے ٹریکس کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کئی مقامات پر ٹریکس پر سیلابی پانی ایک فٹ سے زائد ہے اور جب تک پانی اتر نہیں جائے گا، اس وقت تک ٹریکس کی فٹنس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پانی اترنے کے بعد انسپکشن ہوگی جس کے بعد کراچی تک ٹرین آپریشن کی بحالی کی کوئی تاریخ دی جا سکے گی، ریلوےکا عملہ تنصیبات کی مرمت اور جلد بحالی کے لیے تین شفٹوں میں کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ سیلاب کے باعث ریلوے کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور جولائی کے آخر سے ریلوے نے ملک بھر کے لیے ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے، تاہم پشاور سے روہڑی کے درمیان خیبر میل اور رحمان بابا ایکسپریس کو چلایا جا رہا ہے۔