اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے عام استعمال کی دوائی پیراسٹامول قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں اراکین نے فارماسوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ پیراسٹامول کیلئے طے پانے والی نظر ثانی شدہ قیمتوں کی بھی منظوری دیدی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق500 ملی گرام کی سادہ پیر اسٹامول ٹیبلٹ کی قیمت 1.87 روپے سے بڑھا کر2.35 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے 500 ملی گرام کی سادہ پیرا سٹامول ٹیبلٹ کی قیمت 2.67روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزارت خزانہ کے مطابق 500 ملی گرام کی پیرا سٹامول ایکسٹرا ٹیبلٹ کی قیمت 2.19روپے سے بڑھا کر2.75 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے 500 ملی گرام کی پیرا سٹامول ایکسٹرا ٹیبلٹ کی قیمت3.32 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ پیراسٹامول سیرپ کی قیمت104.8 روپے سے بڑھا کر117.6 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے پیرا سٹامول سیرپ کی قیمت117.6 روپے ہی مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔