وفاقی حکومت کی عمران خان کی تقریر پر پابندی فوری ہٹانے کی ہدایت

وفاقی حکومت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو عمران خان کی تقریر پر پابندی فو ری ہٹانےکی ہدایت کردی۔

وفاقی حکومت نے پیمرا آرڈیننس 2002 کےسیکشن 5 کو بروئےکار لاتے ہوئے پیمرا کو ہدایت جاری کی ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہےکہ پیمرا  آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت قانونی تقاضوں پر بدستور  عمل درآمد یقینی بنائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم نےقانون کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے پیمرا کو ہدایت بھجوائی ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ پیمرا کے سیکشن 5 کے تحت پابندی اٹھانےکی ہدایت کی گئی ہے، وزیراعظم نے عمران دور کی تلخ روایات ختم کرکے نئی روایت قائم کی ہیں، نوازشریف، مریم نواز ودیگر سے عمران خان  نے جو کیا ہم اس پریقین نہیں رکھتے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہم جمہوری اصولوں اور اظہار رائےکی دستوری آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں، سیاسی مخالفین کے خلاف عمران خان جوبولنا چاہتے ہیں بولیں، عمران خان کے حامیوں کو فتنے، فساد اور جھوٹ کی حقیقت سمجھنا ہوگی۔

خیال رہے کہ پیمرا نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے متنازع بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس دکھانے پرپابندی لگادی  تھی۔