اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ میر محمدصادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی مبینہ نجی ویڈیو لیک کے معاملہ پر سینیٹرز پر مشتمل 14رکنی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی اپنے کنوینر کا خود فیصلہ کرے گی اور معاملہ پر تحقیقاتی رپورٹ 30روز میں پیش کرے گی۔کمیٹی کے قیام کا باقائدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
کمیٹی میں سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ،سابق وزیر اعظم مخدوم سید یوسف رضا گیلانی، محسن عزیز، مولانا عبدالغفور حیدری، انوارالحق کاکڑ، سید فیصل علی سبزواری، طاہر بزنجو، سینیٹر مشتاق احمد خان، سینیٹر شفیق ترین، سینیٹرقاسم، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ، سینیٹر کامل علی آغا، سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر دلاورخان شامل ہیں۔
کمیٹی ارکان کنوینر کا فیصلہ خود کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے اسپیشل کمیٹی کو 30روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خصوصی کمیٹی اعظم کی مبینہ ویڈیو لیک کی ہر پہلو سے انکوائری کرے گی۔