اسلام آباد:پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ناکام ہوگیا‘ یہ لوگ کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہوسکتے۔
آرمی چیف کی تعیناتی آئین وقانون کے مطابق ہوگی جھوٹ کا بیانیہ بے نقاب ہوچکا ہے۔
عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس کی ڈرامہ بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، ایک واقعے کو لے کر جھوٹ گھڑا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حادثات کا سہارا لے کرقوم کو اضطراب کا شکار کیا جا رہا ہے، ایک واقعے کو لے کر جھوٹ گھڑا جا رہا ہے، ہم لوگ خطے میں تمام ممالک میں معاشی طور پر پیچھے رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ اندھے لوگوں نے آنکھیں بند کرکے عمران خان کے جھوٹ کو قبول کیا، آج اس نے ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے، عمران خان کو گولی لگنے کی پہلی خبر آئی تو ہم نے بھی مذمت کی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں سامنے آتی گئیں، گولی ایک لگی ہے دو لگی چار لگی یا ٹکڑے لگے، ہم نے بم کے ٹکڑے سنے گولی کے ٹکڑے پہلی بار سنے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہڈی کا علاج کینسر کے ہسپتال میں؟ حملے کا پرچہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پر؟ ایسی گفتگو کوئی عام شہری نہیں کرتا جو ملک کا سابق وزیر اعظم کہہ رہا ہے، واقعہ کدھر کا ہوتا ہے ملبہ کہاں ڈال دیا جاتا ہے اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔