سپریم کورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ سمیت تین ججوں کی تعیناتی کی منظوری

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ سمیت سندھ اور پنجاب کی ہائی کورٹس سے 3 ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ صدرمملکت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ، سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

صدر مملکت نے جسٹس عامر فاروق کو جسٹس اطہر من اللہ کی جگہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

تحریر جاری ہے‎

zبیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت دی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے تینوں ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے 4 نومبر کو جسٹس اطہر من اللہ اور 7 نومبر کو دیگر دو ججوں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی کی بطور سپریم کورٹ جج کے لیے نام کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن نے24 اکتوبر کو ساڑھے 3 گھنٹے طویل اجلاس کے بعد متفقہ طور پر جسٹس اطہر من اللہ کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی تھی۔