اسلام آباد / راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی نے موٹر وے پر احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد جانے والے راستے بند کردیے۔
لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف تحریک انصاف نے احتجاجی حکمت عملی تبدیل کردی، جس کے تحت پی ٹی آئی رہنما نے ایم ون موٹروے انٹرچینج بند کرنے کا اعلان کردیا۔
زلفی بخاری کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنان موٹروے ایم ون پر اسلام آباد ٹول پلازہ پر احتجاج کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے موٹروے پر اسلام آباد آنے اور جانے والے راستے بند کردیے۔
اس سلسلے میں زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان کا حکم ملنے تک موٹروے ایم ون انٹرچینج بند رہے گی۔ لاہور اور پشاور سے موٹروے کے ذریعے گاڑیاں اسلام آباد میں داخل نہیں ہوں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ فتح جنگ روڈ اور موٹروے ایم ون انٹرچینج پر بیک وقت دھرنا جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری کی قیادت میں قومی شاہراہ فتح جنگ کے مقام پر 4 دن سے دھرنا جاری ہے۔