برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے نکال دیا: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں بلاول نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے ہٹا دیا ہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے ایکشن پلانز  پر جلد عمل کے نتیجے میں برطانیہ نے یہ اقدام کیا ہے۔‘

بلاول نے مزید کہا کہ برطانیہ نے یہ اقدام 21 اکتوبر کےفیٹف کے فیصلے کے نتیجےمیں کیا ہے۔

اس حوالے سے برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ منی لانڈرنگ، دہشتگردی کی فنانسنگ روکنےکی پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتا ہے۔

خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) نے 21 اکتوبر 2022 کو پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا تھا۔

فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کیلئے غیرملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہو جائے گا۔

اس وقت جاری فیٹف اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان فیٹف کی مانیٹرنگ میں رہے گا، پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اورٹیررفنانسنگ قانون پرمزید عمل درآمد کی ضرورت ہے۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خلیج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔

تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔

عالمی واچ لسٹ میں پاکستان کا نام شامل ہونے سے اسے عالمی امداد، قرضوں اور سرمایہ کاری کی سخت نگرانی سے گزرنا ہوگا جس سے بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔