عمران خان کے گرد سازشی سانپوں کا خاتمہ کرکے رہونگا، فیصل واوڈا

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ نہ میں عمران خان کے خلاف تھا، نہ ہوں اور نہ ہی ان کے خلاف ہوں گا،اگلے انتخابات تک عمران خان کے گرد ’سازشی سانپ اور کیڑوں‘ کی سیاسی صفائی میں میرا بہت بڑا کردار ہوگا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقاتی ٹیم نے سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور برطانیہ سے فنڈز میں خوردبرد سے متعلق تحریری جواب کے لیے سوالنامہ دے دیا ہے۔

نیب نے فیصل واڈا کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے کچھ روز کی مہلت دی جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فیصل واڈا کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ نہیں بننے آیا، نہ میں عمران خان کے خلاف تھا، نہ ہوں اور نہ ہی ان کے خلاف ہوں گا۔

جہاں تک مجھے علم ہے اعظم خان کا پیسوں کی لین دین سے کوئی تعلق نہیں رہا، مگر شہزاد اکبر نے کابینہ کو بریف کرکے اعتماد میں لیا اور کابینہ میں اس پر کوئی تفصیلی بحث نہیں ہوئی، اسی طرح کابینہ سے ایک غلط کام لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ جب کابینہ میں میرے اور شہزاد اکبر کے درمیان جھگڑا ہوا تھا تو میں نے عمران خان کو اس وقت بھی کہا تھا کہ یہ شخص ملک چھوڑ کر چلا جائے گا پاکستانی خزانے کو 19 کروڑ پاؤنڈز کا نقصان ہوا جس میں کوئی دو رائے نہیں اور میں نے نیب کو یہ بھی کہا کہ اگر سابق چیئرمین کی وڈیو لیک معاملے کی تفتیش کی جاتی تو یہ کیسز حل کرنا آسان ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ ایک اور آئینی عہدہ ہے جو سازش کے تحت استعمال ہو رہا ہے اور شاید عمران خان کو اس کا علم نہیں ہے کیونکہ وہ بہت بھروسہ کرتے ہیں، لہٰذا میں نے وہاں بھی ٹارگٹ طے کرلیا اور اب ’لاک کرنا اور فائر کرنا‘ باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب صحافی ارشد شریف کا قتل ہوا تو جھوٹی کہانی سامنے اور میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں بنایا گیا ہے۔