کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اب ایک مولا جٹ جیسا گورنر شہر میں موجود ہے، عباسی شہید اسپتال کے مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب کے ہمراہ عباسی شہید ہسپتال کے دورے کےموقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہناتھا کہ اس سے قبل عباسی شہید ہسپتال کا دورہ کیا تو شعبہ ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹر کے متاثر ہونے کا سن کر بہت افسوس ہوا،عہد کیا تھا کہ متعلقہ حکام سے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی سے بات کی تعاون پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کروں گا، ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب نے یقین دلایا ہے کہ توقع سے بڑھ کر کام کروں گا۔
کامران ٹیسوری کاکہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے 80 فیصد باتیں یہیں حل کردی ہیں،حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے،فنڈز کے متعلق دو روز بعد پیش رفت دیکھیں گے،مولا جٹ جیسا گورنر بن کر کام بھی ویسا ہی ہوگا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ متحد ہو کر ان تمام مسائل کو حل کریں گے،صحت کا معاملہ محکمہ صحت سندھ کے پاس ہونا چاہئے، گڈاپ جیسے دور دراز علاقے کے لوگوں کو اتنی دور نہیں آنا پڑے،میونسپل خدمات بلدیاتی ادارے کریں اور صحت کی صحت کے ادارے کریں،عباسی شہید اسپتال کو جلد سیٹلائیٹ سینٹرز کے ساتھ منسلک کیا جائےگا اس کیلئے انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مچھر کالونی کے معاملے میں کابینہ کے فیصلے کے مطابق لواحقین کو پیسے دیئے جائیں گے،کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا بل جلد اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔