آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے 6ناموں کی سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول

پاک فوج کے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) نے اہم عہدوں کی تعیناتی کے لئے سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام اور ڈوزیئر وزارت دفاع کو بجھوائے جس کے بعد وزارت دفاع نے جی ایچ کیو کی جانب سے ملنے والے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر بھی انہی لیفٹیننٹ جنرلز میں سے ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو ارسال کی گئی سمری میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نام پہلے نمبر پر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام فہرست میں دوسرے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

فور اسٹار جنرلز کی تعیناتیوں کی سنیارٹی لسٹ میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ سابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ آئین کے تحت مسلح افواج میں فور اسٹار تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کا ہے اور تعیناتیوں کی رسمی منظوری صدر مملکت دیتے ہیں۔