استنبول: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ چین مخلص دوست اور ترکیہ برادر ملک ہے،ماضی میں چین کی طرح ترکیہ کمپنیوں کیلئے پاکستان میں کچھ مشکلات رہی ہیں، اب ہر چیز شفاف طریقے سے ہوگی۔
یقین دلاتا ہوں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے شکایات کا ازالہ کریں گے،دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنے والے عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، 3 سال میں ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے۔
دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور ترکیہ برادر ملک ہیں، ان کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، ترکیہ ہمارا دوسرا گھر ہے۔
دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے ترکیہ کے ساتھ ہیں۔
ماضی میں کچھ ترک کمپنیوں کیلئے پاکستان میں مشکلات رہیں، چینی ہمارے مخلص دوست ہیں، چین نے پاکستان میں بے پناہ سرمایہ کاری کی ہے۔
استنبول میں ہفتہ کو پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بزنس کونسل میٹنگ سے دونوں ممالک کی تجارت کو فروغ ملے گا۔
دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے پر پیش رفت ہوئی ہے۔
ترکیہ سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ترکیہ ہمارا دوسرا گھر ہے، ترکیہ اور پاکستان دونوں بھائی ہیں دونوں کے دل ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ترکیہ کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پاکستان اور ترکیہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ترکیہ بھی پاکستان کی طرح دہشتگردی کا شکار رہا، دہشتگردی میں جاں بحق افراد کیلئے شدید دکھ اور افسوس ہے، دہشت گرد انسانیت کے درجے سے گرے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے ہفتہ کو استنبول میں ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکن ممالک کے ترقیاتی منصوبوں میں بینک کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او بینک کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات قابل ستائش ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان مالی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نبردآزما ہے، یہ امداد نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کے ترقیاتی منصوبوں میں ای سی او بینک کا کردار قابل ستائش ہے۔
ملاقات کے دوران ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بینک 150 ملین یورو کا قرض دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنانشل پیکج سیلاب زدگان کی امداد اور تیل کی درآمد پر خرچ ہوگا۔ وزیراعظم نے ای سی او بینک کے کردار کو سراہا۔