سبسڈیز کا خاتمہ کررہے ہیں، ہمارے پاس دیوالیہ پن سے پیچھے ہٹنے کیلئے کم وقت ہے، وزیراعظم

استنبول:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملکر کام کرنا چاہیے۔ہمارے پاس دیوالیہ پن سے پیچھے ہٹنے کے لیے بہت کم وقت ہے،ہمیں عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے۔

بہتر فیصلے کر رہے ہیں، پالیسیاں طویل مدتی ہیں،سبسڈیز کا خاتمہ کر رہے ہیں،عمران حکومت کی معاشی پالیسیاں ملکی ترقی کے حامی نہیں تھیں۔

ترک خبر رساں ادارے کیساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں پاکستان اور ترکیہ کو مل کر کام کرنا چاہیے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو متعدد عالمی اور اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جب ملک کا چارج سنبھالا تو معیشت تباہی کے دہانے پر تھی۔

 پچھلی حکومت کی معاشی پالیسیاں ترقی کے حامی نہیں تھیں اور معیشت کو متعدد چیلنجوں کی طرف لے گئی، معیشت کو ضرورت سے زیادہ مالیاتی سختی، سپلائی سائیڈ جھٹکے، طویل وبائی اثرات، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی، مہنگائی کی بلند شرح اور روس یوکرین تنازعہ کے اثرات کا سامنا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ اب میری حکومت نے معاشی بدحالی سے نمٹنے کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دی ہیں، ہمارے پاس دیوالیہ پن اور مالیاتی تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کے لیے بہت کم وقت ہے۔

 ہماری پالیسیاں طویل مدتی ہیں۔ ہم سبسڈیز کا خاتمہ کر رہے ہیں، عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، ہمیں اس کا ادراک بھی ہے، تاہم اس مشکلات سے نمٹنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز اور دیگر امدادی اقدامات کر رہے ہیں۔ 

آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سمیت دیگر معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے بہتر فیصلے کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ امسال آنے والے بدترین سیلاب نے ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا جس کے باعث عوام کو بھی تکلیفیں اٹھانا پڑیں۔