اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات سے متعلق بیان جاری کرنے پر ترجمان کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کردیں۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری نے اعلیٰ حکام کی ہدایات کے بغیر ضمنی انتخابات سے متعلق بیان جاری کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترجمان کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے جانے پر چیف الیکشن کمشنر نے ترجمان ہارون شنواری کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے دو روز قبل عمران خان کے اسمبلیوں کے استعفے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نوے دن میں مذکورہ نشستوں پر انتخابات کیلئے تیار ہیں۔