ٹیکنو کریٹ حکومت ہرگز قبول نہیں کرینگے، فواد چوہدری

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے اور آئین سے باہر قدم کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

 افغانستان میں حالات خراب ہوں گے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی ہوگا اور ہر کسی سے لڑا نہیں جا سکتا اگر آپ کسی پر میزائل اور بم ماریں گے تو اس کا جواب بھی ملے گا اور ہر کوئی تحریک انصاف جیسا شریف نہیں، جن کے پاس اسلحہ ہوگا وہ استعمال کریں گے۔ 

ملک میں فیصلے کرنے والے لوگ مزید تجربے کرنا بند کریں‘ عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست بھانجھ ہے‘ پی ڈی ایم اے سے بات چیت نہیں ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ آٹھ ماہ کی حکومت میں پہلے ڈالر نہیں مل رہا تھا اور اب سونا بھی نہیں مل رہا کیونکہ لوگ خرید رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جس دن ہم استعفے دینے قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف کے پاس جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے مگر حکومت کو پتا ہی نہیں جبکہ مارگلہ کی پہاڑیوں سے طالبان نے پارلیمان کی وڈیو بناکر کہا کہ ہم آ رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک بہترین حکومت کو گھر بھیج کر غلطی کی اور اب دوسری غلطی یہ ہو رہی ہے کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت کو گھر بھیج کر ڈھائی سال کے لیے ٹیکنوکریٹ حکومت لائی جائے، لہٰذا پاکستان کے ساتھ تجربے اور مذاق بند ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل ایسے نہیں کہ کوئی امپورٹڈ ٹیکنوکریٹ آکر حل کرے، اگر امریکہ سے کسی ٹیکنوکریٹ کو لاکر یہاں بٹھایا جائے گا اور اس نے کوئی سخت فیصلہ کیا تو عوامی دباؤ سے وہ جوتے چھوڑ کر بھاگ جائے گا۔