اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ اور بچت کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، قیمتی وسائل کے استعمال میں اپنے رویوں اور طرز عمل کو بدلنے کیلئے اسلامی اقدار کو اپنانا چاہیے۔
صدر عارف علوی کی زیرصدارت ایوانِ صدر میں توانائی کی بچت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی شرکت کی۔
وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود بھی اجلاس میں شریک ہوئے،وفاقی وزیر برائے توانائی، انجینئر خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک کی بھی اجلاس میں شرکت کی۔
صدر مملکت کا ملک گیر اتفاق رائے پر مبنی، جامع اور ہمہ جہت بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ کی حکمت عملی شروع کرنے پر زوردیا۔
صدر نے اس موقع پر کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول صوبوں سے مشاورت کے بعد جامع پالیسی اور پروگرام تیار کرنے کی ضرورت ہے، صدر نے کہا بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ اور بچت کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔دنیا کی بہترین مثالوں پر مبنی پالیسیاں اور حکمت عملی تیار کرنے، مقررہ وقت کے اندر نفاذ یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔قومی اہمیت کے اقدامات پر عملدرآمد کی رفتار بڑھا کر پاکستان تیز ی سے ترقی کر سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا اسلامی تعلیمات وسائل کی کثرت سے موجودگی کے باوجود تحفظ اور بچت پر زور دیتی ہیں۔قرآن اور احادیث کی تعلیمات پانی کے تحفظ پر زور دیتی ہیں چاہے کوئی شخص دریا کے کنارے وضو کر رہا ہو۔اسلام وسائل کے ضیاع کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا پانی، گیس اور بجلی سمیت قیمتی وسائل کے استعمال میں اپنے رویوں اور طرز عمل کو بدلنے کیلئے اسلامی اقدار کو اپنانا چاہیے۔توانائی کی بچت کیلئے شام کے اوقات میں بازاروں اور کاروباروں کو بند کرنے کے وقت اور طریقہ کار کے تعین کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جانا چاہیے۔بارش کے پانی کو ذخیرہ اور استعمال کرنے، چھتوں کو سولرائز کرنے اور چھتوں پر باغبانی کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔