کراچی: اسٹریٹ کرائم کا شکار معمر خاتون وزیراعلیٰ کے آگے روپڑی

  کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کو اسٹریٹ کرائم سے متاثرہ خاتون نے روک لیا اور رونے لگی، خاتون نے دہائی دی کہ وہ اکیلی کمانے والی ہے اسے لوٹ لیا گیا ہے مدد کی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایک لوگوں سے ملنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ رہے تھے، ان کے ساتھ سابق ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔

گاڑی میں بیٹھتے ہوئے ایک معمر خاتون نے انہیں روک لیا اور کہا کہ آپ میرے وزیر اعلیٰ ہیں میری بات سنیں، مجھے بدھ کے روز یہاں لوٹ لیا گیا، میری کوئی نہیں سن رہا، میری کوئی شکایت درج نہیں کر رہا میں اکیلی کمانے والی ہوں۔

اس دوران خاتون روپڑیں اور دہائی دی کہ کراچی میں شہری کہیں بھی لٹ جاتے ہیں، میں ایک اسکول میں کام کرتی ہیں میری مدد کی جائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خاتون کی مدد کا حکم دیا جس پر مرتضیٰ وہاب نے ایس پی گلشن کو خاتون کی مدد کی ہدایت کردی۔