ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی باتیں عمران خان کے بیمار ذہن کی تخلیق ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی باتیں عمران خان کے بیمار ذہن کی تخلیق ہیں، عمران خان سوچتے ہی رہ جائیں گے اور انتخابات اکتوبر2023میں ہی ہوں گے۔

 انتخابات وقت مقررہ پر ہوجائیں گے اور کوئی بھی چیز جو آئین میں جس طرح سے درج ہے،آئین کے مطابق ملک کو چلنا چاہیے، آئین کے مطابق ہمیں آگے بڑھنا چاہیے اوراسی میں اِس ملک اور قوم کی بقاء ہے۔ ٹیکنوکریٹ حکومت سے متعلق کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، سب افواہیں ہیں۔

 ملکی سیاست میں عمران خان کا وجود بذات خود ایک عدم استحکام، ایک تخریب اورایک فتنے کا موجب ہے۔ نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکے جنوری میں دورہ سعودی عرب کا امکا ن ہے اورآرمی چیف ملک اورریاست کی فلاح اور بہتری کے لئے اپنا کرداراداکریں گے۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔رانا ثناء اللہ کہاکہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی باتیں عمران خان کے تخریبی اور بیمار ذہن کی تخلیق ہیں، یہ ہر روز صورتحال کو بگاڑنے کے لئے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں تاکہ ملک عدم استحکام کا شکار رہے، کبھی یہ پروپیگنڈا شروع کردیتے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہو رہا ہے، کبھی پراپیگنڈا شروع کردیتے ہیں کہ نگران سیٹ اپ آرہا ہے۔

عمران خان اوراس کے ساتھ جو لوگ ہیں وہ ایک ایسا ٹولہ ہے جو ہر وقت فتنہ، فساد اور ملک دشمنی کے اوپر تلا ہوا ہے۔ یہ اس قسم کی کوئی نہ کوئی نئی افواہ، نئی تحریک، کبھی لانگ مارچ کبھی یہ تحریک کبھی وہ تحریک، یہ سارا کچھ اس لئے کررہے ہیں کہ سیاسی طور پر عدم استحکام کی فضاء رہے تاکہ معیشت میں بہتری نہ آسکے اور خدانخواستہ ملک دیوالیہ ہو جائے۔

 انہوں نے کہاکہ عمران خان کی آڈیوز کی ہم نے فرانزک کروائی ہے وہ 100فیصد درست ہیں، یہ کرے ان کو چیلنج۔ جوان کی اخلاقی گراوٹ کی چیزیں سامنے آرہی ہیں ان کی ذمہ داری توانہیں پر ہے۔

 ریکارڈ کرنے والے نے غلط کیا، وہ پرائیویسی میں مُخل ہوا، جرم کی کون سی پرائیویسی ہوتی ہے،پرائیویسی توایک قانونی عمل کی ہوتی ہے،یہ غیر اخلاقی حرکت آپ کے کھاتے میں آتی ہے یاتوآپ اس کو چیلنج کریں یاآپ اس کے لئے جوابدہ ٹھہرائے جائیں۔ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان چار کیسز میں نااہل ہو سکتے ہیں، ان کیسز میں کسی ایک میں بھی عمران خان کی بچت کاامکان نہیں اور ہر چیزدوجمع دوچارہے۔