پنجاب میں پی ٹی آئی کے 40سے50تک ارکان عمران خان کوچھراگھونپنے کو تیار ہیں، فیصل واوڈا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اورسابق وفاقی وزیر محمد فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں پنجاب سے ہو کر آیا ہوں، پنجاب میں پی ٹی آئی کے 40سے50تک ارکان عمران خان کوچھراگھونپنے کو تیار ہیں۔

 عمران خان کو وقت قریب میں پتا چلے گاکون ان کے ساتھ مخلص تھا اور کون نہیں۔قانونی پیچیدگیوں کو دیکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ بات عمران خان کی نااہلی کی طرف چل پڑی ہے.

سوال یہ نہیں ہے کہ عمران خان نااہل ہوں گے یا نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ عمران خان اس ڈگر تک کیوں آئے ہیں، عمران خان کی نااہلی کو خارج ازامکان قرارنہیں دیا جاسکتا۔

عمران خان کوان کے اپنے لوگوں نے نااہلی کے اندر بھر پورطریقہ سے پھنسادیا ہے اوران سے قانونی غلطیاں کروادی ہیں۔

عمران خان آج پاور میں واپس آجائیں گے اگر وہ اپنے ایڈوائزرز کو چھانٹی کر کے سڑک پرپھینک دیں۔

ان خیالات کااظہار محمد فیصل واوڈا نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ 50لاکھ گھر بنانے کا کہا گیا تھا،50لاکھ گھر تو10سال میں بھی نہیں بن سکتے.

ایک سُپر مین اورٹارزن بھی آجائے تو نہیں بناسکتا، پوری دنیا کی قوت بھی لگ جائے تو50لاکھ گھر نہیں بن سکتے،گدھے کے اوپر بھروسہ کر کے عمران خان نے بازار میں بیان دے دیا اور وہ بیان بیک فائر ہو گیا، پانچ ہزارکیا 500گھر بھی نہیں بنے توپھر خمیازہ توآپ کو بھرنا ہے۔

سمجھداری یہی ہے کہ جو سیاسی باتیں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی ٰکررہے ہیں ان پر عمران خان غور کریں اور ان سانپ اور کیڑوں کی باتوں میں نہ آئیں جوان کو بند گلی میں لے آئے ہیں،یہ وہی سانپ اور کیڑے ہیں جنہوں نے پہلے ہی سال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو نوز ڈائیو کروایا تھا۔

 ان میں سے کچھ تو وہ ہیں جو اپنے سسر کے کندھے پر چڑھ کر آئے ہوئے ہیں اورجنہوں نے اپنی زندگی میں خودکچھ نہیں کیا، کچھ ایسے ہیں جو ڈگر، ڈگر پارٹی میں جاتے ہیں کہ میں نے بچپن میں خواب دیکھا تھا کہ میں وزیر اعظم بنوں گا،وہ بھی پرانی نوکری پر کام کررہے ہیں اورآگے مجھے وہ نوکری بھی نظر نہیں آرہی۔