سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن سمیت دیگر اضلاع میں پولنگ کا وقت ختم ہونےکے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
آج 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل بغیرکسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ پانچ بجے کے بعد صرف پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنےکی اجازت دی گئی۔
آج صبح سردی میں ووٹنگ کی کم شرح میں دوپہر کے بعد بہتری آئی اور بلدیاتی امیدواروں کے چناؤ کا فیصلہ کرنے عوام گھروں سے نکل پڑے۔کہیں پولنگ اسٹیشن ویران رہے تو کہیں رش نظر آیا،کراچی اور حیدرآباد کی نسبت دیہی علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد زیادہ رہی۔