دو گیندوں پر دو چھکے اور میچ ختم

کرکٹ کی تاریخ میں نت نئے ریکارڈ بنتے رہتے ہیں تاہم ایک ریکارڈ جو کوئی بھی ٹیم اپنے نام کروانے سے کتراتی ہے وہ کم سے کم سکور پر آؤٹ ہونے کا ہوتا ہے لیکن اتوار کے دن ٹی ٹوئنٹی کی ایک نئی تاریخ رقم ہوئی جب آئیل آف مین کی پوری ٹیم سپین کے خلاف صرف 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔یہ کوئی گلی محلے کا میچ نہیں بلکہ سپین میں کھیلا جانے والا ایک باقاعدہ بین الاقوامی میچ ٹی ٹوئنٹی تھا۔آئیل آف مین برطانیہ اور آئر لینڈ کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جس کی کرکٹ ٹیم 2017 ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ بطور ایسوسی ایٹ رکن رجسٹر ہوئی۔اس تاریخی میچ میں آئیل آف مین کی جانب سے جوزف بروز ٹاپ سکورر رہے جنہوں نے پولین لوٹنے سے قبل چار رن بنائے جو مجموعی سکور کا 40 فیصد تھا۔ان کی ٹیم کے سات کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔دوسری جانب سپین کی جانب سے لیفٹ آرم فاسٹ بالر عاطف محمود اور محمد کامران نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ان میں کامران کی ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں لوک وارڈ، کارل ہارٹمین اور ایڈورڈ بیئرڈ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا تھا۔معاملہ صرف یہاں ختم نہیں ہوااس میچ کی دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ آئیل آف مین کی ٹیم کو 10 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد جب سپین کے اوپنر میدان میں آئے تو ان کے پاس پورے 20 اوور تھے لیکن انہوں نے صرف دو گیندیں ہی کھیل کر آئیل آف مین کو ہرا دیا۔اوپنر اویس احمد نے یکے بعد دیگرے پہلے اوور کی دو گیندوں پر چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کا سب سے کم سکور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں بنا تھا جب سڈنی تھنڈر کی ٹیم گذشتہ سال ایڈلیڈ سٹراءِیکر کے خلاف صرف 15 رن کا مجموعہ بنا سکی تھی۔دوسری جانب کسی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے کم سکور کا اعزاز ترکی کے نام تھا جس کی کرکٹ ٹیم 2019 میں چیک ری پبلک کے خلاف 21 رن بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سپین کے کوچ کوری رٹگرز نے میچ کے بعد کرک بز سے بات کی اور کہا کہ کامران اور محمود بہت اچھی سوئنگ کروا رہے تھے۔ان کی بال سٹمپ اور پیڈ کو ہٹ کر رہی تھی۔ بس چار رن پر چار آؤٹ تھے، پھر پانچ رن پر پانچ آوٹ ہوئے، چھ پر چھ۔میں نے اپنی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔انہوں نے آئیل آف مین کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اتنے کم سکور پر آؤٹ ہونے کے لئے نہیں بلکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک نئی ٹیم کے ساتھ میدان میں آئے اور مجھے امید ہے کہ وہ اس نتیجے سے دلبرداشتہ نہیں ہوں گے۔مجھے یقین ہے کہ وہ اس سے سیکھیں گے۔واضح رہے کہ میچ کے آغاز سے قبل کسی کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ ایسا نتیجہ نکل سکتا ہے کیونکہ اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں آئیل آف مین نے سپین کے خلاف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 132 رن بنائے تھے تاہم سپین نے سات وکٹ سے میچ جیت لیا تھا۔حالیہ میچ میں دو گیندوں پر ہی شکست آئیل آف مین کی اس چھ روزہ میچوں کی سیریز میں چھٹی مسلسل شکست تھی۔یاد رہے کہ آئیل آف مین کی کرکٹ ٹیم 2016 ء اور 2018 ء میں ورلڈ کپ کوالیفائر کھیل چکی ہے۔کرکٹ کی تاریخ میں اس قسم کے واقعات بہت کم ملتے ہیں تاہم اس میچ میں صرف دس رنز پر آؤٹ ہونے والی ٹیم کے بلے بازوں کی میچ میں کوئی توجہ نظر نہیں آئی۔