رب کریم نے حضرت انسان کو دیگر تمام مخلوقات سے ممتاز مقام عطا کیا ہے۔ اسے عقل سلیم سے نوازا ہے۔ زمین، سمندروں اور پہاڑوں کو انسان کے لئے مسخر بنایا ہے۔ دنیا میں انساں کے انساں انسانیت کی خدمت کے مختلف راستے ہیں۔کوئی سیاست کے میدان کو انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ کوئی ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا دم بھرتا ہے۔ کوئی سماجی کارکن بن کر لوگوں کے دکھ بانٹتا ہے تو کوئی فلاحی ادارہ قائم کرکے مشکلات میں گھرے لوگوں کی مدد کرتا ہے۔جن لوگوں نے صدق دل سے خدا کی مخلوق کی بلاامتیاز خدمت کی انہوں نے دنیا میں اپنا مقام بھی بنا لیا۔ مولانا عبدالستار ایدھی کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ لوگوں کو ان پر اندھا اعتماد تھا۔ جب وہ جھولی پھیلا کر صدقات، عطیات اور خیرات جمع کرنے بازاروں میں نکلتے تھے تو لوگ اپنی جیبیں خالی کرکے ان کی جھولی بھرتے تھے۔ ہر دور میں ایدھی جیسی شخصیات پیدا ہوتی ہیں جن کی بدولت دنیا کا نظام چل رہا ہوتا ہے۔ انسانیت کے یہ بے لوث خدمت گار ہر معاشرے میں پائے جاتے ہیں ایسی ہی شخصیات میں نامور گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی بھی شامل ہیں۔ انہیں انسانیت کے لئے قابل قدر خدمات پر اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 2005کے قیامت خیز زلزلے کے دوران بالاکوٹ کے ایک تباہ شدہ گھر سے چند ہفتے کی عمر کا ایک بچہ زندہ سلامت نکلا۔ بچے کے والدین مکان گرنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ حدیقہ کیانی نے اس نومولود بچے کو گود لیا۔ اسے اپنی حقیقی اولاد سے زیادہ لاڈ اور پیار سے پالا۔آج حدیقہ کا یہ بیٹا گریجویشن کرچکا ہے۔ 2022کو خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے ہزاروں گھر تباہ اور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے۔ حدیقہ کیانی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع پہنچ گئی۔انہوں نے مغل پورہ، شیخ اسماعیل خیل، میاں عیسی خیل اور دیگر علاقوں میں 255 مکانات تعمیر کرکے متاثرین کے حوالے کردیئے۔ متاثرین میں مہینوں تک خشک راشن، گرم کپڑے، بستر اور ضرورت کی دیگر اشیا تقسیم کرتی رہی۔ گذشتہ سال کی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں مجموعی طور پر سات لاکھ 16 ہزار 719رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ اور گیارہ لاکھ سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا اور ان گھر کے مکین کھلے آسمان تلے آگئے۔ سیلاب سے ملک بھر میں 33لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ بلوچستان کا وسیع علاقہ تباہی و بربادی کے مناظر پیش کرنے لگا۔ اس مرحلے پر حدیقہ کیانی ایک بار پھر اپنے ستم رسیدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے میدان میں نکل آئی۔ کنڈی، چھتر، جھل مگسی اور دیگر علاقے سیلاب میں ڈوبے ہوئے تھے۔ حدیقہ نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں راشن سمیت اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا بیٹرہ اٹھایا۔ امدادی کاروائیوں کے بعد انہوں نے متاثرین کو چھت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں ایک سو گھروں کی تعمیر کامنصوبہ شروع کیا۔ اور پانچ مہینوں کے اندربنیادی سہولیات سے آراستہ 100گھر تعمیرکرکے بے گھر لوگوں کے حوالے کئے اور دوسرے مرحلے میں مزیدمکانات کی تعمیر شروع کردی۔ حدیقہ کا کہنا ہے کہ مقصد نیک ہو تو خدا مدد ضرور فرماتا ہے حدیقہ کیانی کاکہنا تھا کہ وہ فلاحی کاموں کی آڑ لے کر سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ عوام کی خدمت کے لئے سیاست سمیت کسی پلیٹ فارم کی ضرورت نہیں۔ خدا کی مخلوق کی خدمت کاجذبہ ہونا چاہئے۔ بلاشبہ حدیقہ جیسی شخصیات ملک و قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ رب کریم انہیں اپنے مظلوم اور ستم رسیدہ مخلوق کی بے لوث خدمت کا مزید حوصلہ، توفیق اور استطاعت عطا فرمائے۔
تازہ ترین
قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کے والد انتقال کرگئے
مسابقتی کمیشن نے اوچ پاور کے دونوں پلانٹ خریدنے کی منظوری دے دی
اسلام آباد ہائیکورٹ؛ کے پی ہاؤس ڈی سیل کرنے کا حکم، سی ڈی اے کا اقدام غیرقانونی قرار
ملتان ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے دوسری اننگ میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 152 رنز
ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیانات پر مشی خان بھڑک اٹھیں
سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز کمی
حج پالیسی 2025 منظور : آئندہ سال سرکاری حج پیکج کتنا ہوگا؟
واٹس ایپ نے صارفین کو تصاویر کے ذریعے دھوکے سے بچانے کیلئے کام شروع کردیا
بگ باس 18 میں گدھے کی اینٹری سے ہنگامہ برپا، سلمان نئی مشکل میں پھنس گئے
بغیر پیسوں کا اوور ٹائم: ملازم نے نوکری کے پہلے دن ہی استعفیٰ دیدیا