جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پی ٹی آئی کارکنان سے تصادم میں 9 اہلکار زخمی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد آمد کے موقع پر کمپلیکس کے باہر پی ٹی آئی مظاہرین اور پولیس کے مابین شدید ہنگامہ آرائی میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ 

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی مظاہرین کی پتھراؤ سے 9 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مشتعل مظاہریں نے 25 سے زائد موٹر سائیکل اور گاڑیاں نذر آتش کردیں۔

علاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق پولیس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی بھی مظاہرین کے عتاب سے نہیں بچ سکیں جسے توڑ پھوڑ کے بعد چلا دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق مظاہرین کی جانب سے پولیس پر مبینہ طور پر پٹرول بموں سے حملہ کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے اور انہیں کمپلیکس سے دور رکھنے کے لیے بدترین لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے جواب میں مظاہرین نے بھی پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں سے حملے کیا۔

یہ امر باعث تعجب رہا کہ پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو سلسلہ وار حملہ آور ہوئے، انہوں نے پولیس پر مختلف اطراف سے حملے کیے اور پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں کی بارش کردی۔