پوری دنیا کی طرح آج پاکستان میں بھی پانی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور گلگت بلتستان کےمقامی لوگ (واٹر ڈے) صدیوں سے جاری اپنے روایتی انداز میں منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں صاف شفاف پانی کیلئے مقامی لوگ ماہ مارچ کے پہلے ہفتے سے آخری ہفتے تک پانی کا دن مناتے ہیں لہزا یہاں آج سے پانی کا دن منایا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس وقت گلگت کے گاؤں سکوار کے مقامی لوگ پانی آنے والے نالے پر جمع ہیں جہاں بکرے صدقہ کرکے کھانا تیار کیا جارہا ہے جسے بچے اور بڑے مل کر نوش فرماتے ہیں، مقامی زبان میں اس تقریب کو (ایلے کریلو) یعنی نالے کے بکرے کا نام دیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کھانا پکانے کے اس عمل کےدوران ندی کا پانی استعمال کرنے کے ساتھ مقامی لوگ اس تقریب میں پانی کی تقسیم کو بہتر انداز میں پینے اور زراعت کے طریقے کار کا فارمولا طے کرتے ہوئے پانی کی فراوانی کیلئے اجتماعی دعا بھی کرتے ہیں۔ ۔
واضح رہے کہ رواں سال آج 22 مارچ 2023 کو عالمی سطح پر واٹر ڈے کو واٹر منجمنٹ کا سال قرار دیا گیا ہے جبکہ عالمی سطح پر پانی کا دن منانے کا آغاز 1993 سےہوا ۔