بھارت میں جیولری کی دکان فلمی انداز میں لٹ گئی

نئی دہلی: بھارت میں جیولری کی دکان لوٹنے کے لیے چوروں نے فلمی انداز اپنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں ہونے والی چوری کی واردات میں چور نے انوکھا انداز اپنایا۔ جیولری کی دکان کو سرنگ کھود کر لوٹا گیا جس نے دکان مالک کے ہوش ہی اڑا دیئے۔

دکان مالک جب صبح اپنی دکان پر پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ دکان میں سرنگ کھدی ہوئی ہے اور چور دکان کا صفایا کر کے فرار ہو چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق چور نے دکان سے 10 فٹ دور نالے سے دکان تک ایک سرنگ کھودی۔ نالوں کی کمزور دیواروں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور سرنگ کے ذریعے دکان تک پہنچا۔

چور کے سرنگ بنانے کے طریقے سے لگتا ہے کہ وہ کئی روز قبل منصوبہ بندی کر چکا تھا اور باقاعدہ ناپ کے اس نے کھدائی کی کیونکہ سرنگ سیدھا جیولری کی دکان کے درمیان میں جا کر نکلی۔ چور دکان سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لے اڑے۔

واضح رہے کہ سال 2014 میں بھی بھارت میں اسی طرح کی واردات ہوئی تھی جس میں چوروں نے سرنگ کھود کر بینک لوٹا تھا اور لاکرز میں موجود نقدی اور زیوارت لے گئے تھے۔